بیٹی کے قاتل کو سزائے موت ‘ 74 سال قید کا حکم

 ذیشان نے  قینچی سے 5سالہ بیٹی‘بیوی اور بچوں پر حملہ کیا تھا‘96لاکھ جرمانہ
فیصل آباد (آئی این پی ) سیشن کورٹ فیصل آباد نے پانچ سالہ بیٹی کو قتل اور بیوی سمیت تین بچوں کو زخمی کرنے کے جرم میں ملزم ذیشان کو سزائے موت، 96 لاکھ روپے جرمانہ و دیت اور مجموعی طور پر 74 سال قید کی سزا سنادی۔کیس کی سماعت سیشن جج عبدالرحیم نے کی، جنہوں نے تھانہ منصور آباد میں درج قتل کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو مختلف دفعات کے تحت سخت ترین سزائیں سنائیں۔ملزم ذیشان کا تعلق فیصل آباد کے علاقے ملک پور سے ہے اور وہ وین ڈرائیور تھا، ملزم نے جون 2022 میں بیٹیوں کی پیدائش پر مشتعل ہو کر قینچی سے اپنی اہلیہ اور بچوں پر حملہ کیا تھا۔اس سفاکانہ حملے میں ذیشان کی پانچ سالہ بیٹی انوشا جاں بحق ہو گئی تھی، جبکہ اس کی بیوی شمع، دو سالہ بیٹی ثمن، پانچ ماہ کی ہما اور سوتیلا بیٹا طلحہ زخمی ہوئے تھے