وزیراعلی سے لاہور میں تعینات امریکہ کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی تعلقات، توانائی تعاون پر تبادلہ خیال
ماڈل ایگریکلچر مال کے قیام سے کاشتکار کو مڈل مین کا محتاج یا جگہ جگہ خوار نہیں ہونا پڑے گا‘مختصر عرصے میں کاشتکاروں کیلئے ریکارڈ اینیشی ایٹو لیکر آئے: مریم نواز شریف
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے پاکستان اور امریکہ کا تعلق ایک آزمودہ، بااعتماد اور پائیدار شراکت داری کی مثال ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور میں تعینات ہونے والے امریکا کے نئے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، وزیراعلی نے اسٹیٹسن سینڈرز کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور قونصل جنرل کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی تعلقات، توانائی تعاون، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیمی تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلی مریم نواز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹسن سینڈرز کی تعیناتی تب ہوئی جب پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، پاک امریکا تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ایک قابلِ اعتماد، مستحکم اور دور رس شراکت داری کی بنیاد پر قائم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی رابطوں، تجارتی تعاون اور مشترکہ مفادات نے پاک امریکا پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا ہے، 2024 میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ خوش آئند امر ہے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور قابلِ اعتماد اقتصادی پارٹنر ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی ایک مضبوط کڑی ہے، اپریل 2025 میں امریکی کانگریشنل پاکستان کاکس سے بھی ملاقات کر چکی ہوں۔مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں ہر سال 20 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس فارغ التحصیل ہو رہے ہیں، پنجاب پاکستان کی زرعی ریڑھ کی ہڈی ہے، پنجاب حکومت واٹرایفیشنٹ فارمنگ، پریسیژن ایگریکلچراور کولڈ چین انفرااسٹرکچر کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے، امریکی ایگریکلچر ٹیکنالوجی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلق کو ایک جامع، سٹریٹجک اورعوامی مفاد پر مبنی پارٹنرشپ میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہیں‘دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کا بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ محکمہ زراعت اورجی سی آئی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف بھی موجود تھیں ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی سی آئی ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ماڈل ایگریکلچر مال کا انتظام سنبھالے گی۔ ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال کے ایگریکلچر مال میں کاشتکاروں کو ون سٹاپ سلوشن ملے گا۔ چاروں ماڈل ایگریکلچر مال45 ایام میں فنکشنل ہو جائیں گے ۔ ماڈل ایگریکلچر مال پر زرعی مداخل، لون اور دیگر سروسز مہیا کی جائیں گی‘۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مال کے قیام سے کاشتکار کو مڈل مین کا محتاج یا جگہ جگہ خوار نہیں ہونا پڑے گا۔ کاشتکار بھائیوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ کاشتکار کی ترقی،پاکستان کی ترقی ہے۔ مختصر عرصے میں کاشتکاروں کے لئے ریکارڈ اینیشی ایٹو لیکر آئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عملی اور تاریخی اقدامات کرکے ثابت کردیا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں۔