راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست کا جائزہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کے اجلاس میں لیا گیا، جہاں سیکیورٹی اور امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی منظوری نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی حالات میں کسی بڑے سیاسی جلسے کا انعقاد خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر لیاقت باغ جیسے حساس مقام پر جلسے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات درکار ہوتے ہیں، جن کے لیے بڑی تعداد میں سیکیورٹی اہلکاروں اور وسائل کی ضرورت پڑتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ملک میں جاری توانائی بحران اور حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے باعث اس نوعیت کے جلسے کے لیے درکار وسائل فراہم کرنا ممکن نہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں کسی بڑے عوامی اجتماع کے لیے ضروری انتظامی، لاجسٹک اور مالی وسائل مہیا کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر پی ٹی آئی کی جلسے کی درخواست مسترد کی گئی ہے۔