لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 8 فروری کو مینارِ پاکستان میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت کی، جو پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک نے دائر کیا تھا۔ درخواست گزار کے مطابق، 29 جنوری کو جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی گئی تھی، تاہم تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی جب بھی جلسے کی اجازت طلب کرتی ہے تو "امن و امان" کا جواز بنا کر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر فریقین سے 6 فروری تک جواب طلب کر لیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت متعلقہ حکام کو 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے کا حکم دے اور پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکا جائے۔