26 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے،سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل
لاہور (خصوصی رپورٹ)327 واں بیساکھی میلہ 10 سے 19اپریل تک منایاجائے گا ، جس میں دنیا بھر اور پاکستان سے 26 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے۔3ہزاربھارتی سکھ یاتریوں کی بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور آمد 10اپریل سے شروع ہو گی، جو 19 اپریل کو واپس بھارت روانہ ہوں گے،یاتری دیگر مقدس مقامات کے علاوہ گوردوارہ پنجہ صاحب، گوردوارہ ننکانہ صاحب اور گوردوارہ کرتارپور صاحب کی یاترا بھی کریں گے، تیاریو ں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،اس حوالے سے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ہندوستانی سکھ یاتریوں کی آمد اور گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے لیے روانگی 11اپریل کو ہو گی، اگلے روز ننکانہ صاحب کے مقامی گوردواروں کا دورہ کرایا جائے گا، اس کے بعد گردوارہ سچا سودا، فاروق آباد سے گردوارہ پنجا صاحب، حسن ابدال جائیں گے، مرکزی تقریب بھوگ اخند پاٹھ صاحب (خالصہ جنم دن، گردوارہ پنجا صاحب حسن ابدال میں منایا جائے گا،یاتری گردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں بھی قیام کریں گے۔