اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سعودی حکومت نے عازمینِ حج کو روانگی سے قبل دوہری امیگریشن کی سہولت فراہم کرنے والے اپنے تاریخی منصوبے روڈ ٹو مکہ میں لاہور کو باقاعدہ طور پر شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور چند دنوں میں لاہور ایئرپورٹ پر اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا، جس سے پنجاب کے عازمینِ حج کا طویل انتظار ختم ہو جائے گا۔وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران بھی سعودی حکام کے ساتھ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا تھا۔ رواں سال لاہور ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 104 پروازوں کے ذریعے 29 ہزار 924 عازمینِ حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ یہ پہلی بار ہوگا کہ لاہور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے ان ہزاروں عازمین کو روانگی سے قبل ہی لاہور ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے باعث وہ جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ پہنچنے پر امیگریشن کے طویل مراحل اور انتظار سے مستثنٰی قرار پائیں گے۔واضح رہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت عازمین کی سعودی عرب کے لئے امیگریشن اور کسٹمز کی کارروائی پاکستان کے ایئرپورٹ پر ہی مکمل کر لی جاتی ہے جس کے بعد وہ وہاں پہنچ کر براہِ راست اپنی قیام گاہوں کی طرف روانہ ہو سکتے ہیں۔