فرانس نے امریکہ سے سونے کے ذخائر پیرس واپس منتقل کر لئے

129ٹن سونا  واپس لایا گیا  ‘پرانے معیار کی سونے کی اینٹیں فروخت کر کے یورپ میں جدید عالمی معیار کے مطابق نیا سونا خریدا جا رہا ہے
پیرس (آئی این پی )فرانس کے مرکزی بینک بینک ڈی فرانس نے امریکہ کے شہر نیویارک میں محفوظ اپنے سونے کے آخری ذخائر واپس پیرس منتقل کر دئیے، جس کے بعد عالمی مالیاتی حلقوں میں تشویش کی لہردوڑ گئی ۔ عالمی  میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک کے مطابق تقریبا 129 ٹن سونا امریکا سے واپس لایا گیا ہے جبکہ پرانے معیار کی سونے کی اینٹیں ریکارڈ قیمت پر فروخت کر کے یورپ میں جدید عالمی معیار کے مطابق نیا سونا خریدا جا رہا ہے، اس عمل سے مرکزی بینک کو تقریبا 14.76 ارب ڈالرز کا منافع حاصل ہوا ہے۔بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صرف ذخائر کے معیار کو بہتر بنانے اور جدید مالیاتی اصولوں سے ہم آہنگی کے لیے کیا گیا ہے، تاہم ماہرین اسے ماضی کے ایک بڑے مالیاتی بحران کی یاد سے جوڑ رہے ہیں۔