افغانیوں کو جانا ہوگا،مزید میزبانی نہیں کرسکتے:خواجہ آصف

 بھارت شکست کے زخم چاٹ رہا ہے،ٹی ٹی پی کوبھی پراکسی وار میں مات ہوگی 
سرحدوں کا احترام نہ کیا گیا تو پھر ہمیں بھی منہ توڑ جواب دیناپڑیگا :وزیردفاع 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کیخلاف پراکسی وار شروع کر چکا ، فتنہ الخوارج اور افغان گٹھ جوڑ میں بھارت بھی شامل ہوگیا، بھارت جنگ میں شکست کے زخم آج تک چاٹ رہا ہے،پاکستان کی بہادر افواج نے افغانستان کو بھی بھرپور جواب دیا۔ہمیں ڈیفائن تعلقات کے فیز میں آنا ہوگا،چاہتے ہیں انکی اور ہماری طرف سے سرحدوں کا احترام ہو۔خیبرپختونخوا حکومت کو اپنی پالیسی کو قومی پالیسی کے ساتھ ضم کرنا ہوگا، ریاست کو صوبوں کو واضح پیغام دینا ہوگا کہ ملک قومی مفاد کے تحت ہی چلایا جائے گا۔ایک انٹرویو اورمیڈیا سے گفتگو میں میں خواجہ آصف کا کہنا تھا افغانستان کو پہلے بھی آگاہ کیا کہ ان کی سرزمین سے دہشتگرد پاکستان آتے ہیں، افغانستان کو ہمیشہ کہا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، بھارت براستہ کالعدم ٹی ٹی پی پراکسی وار کریگا تو اس میں بھی انکو شکست ہوگی۔انہوں نے کہا اگرسرحدوں کا احترام نہ کیاگیا تو یہ سلسلہ چلتا رہے گا،پھر ہمیں بھی دراندازی کامنہ توڑ جواب دینا پڑے گا، افغانستان کے وزیرخارجہ بھارت میں موجود ہیں، افغان وزیر خارجہ بھارت سے پوچھ لیں انہوں نے جوپنگا لیا تھا کیا حشر ہوا تھا، افغان وزیر خارجہ خود بھی پاکستان سے پنگا لینے سے احتیاط کریں۔ افغانستان کو ہماری سرحد کا احترام کرنا چاہئے ، ہم بھی ان کی سرحد کا احترام کریں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سرحد پر باقاعدہ امیگریشن نظام قائم کیا جائے گا تاکہ غیر ضروری آمد و رفت کو روکا جا سکے۔