پختہ یقین ہے پاکستان عالمی معدنی معیشت میں رہنما کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے، آرمی چیف

پختہ یقین ہے پاکستان عالمی معدنی معیشت میں رہنما کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں ایک رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔

 انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری اور وسائل کی ترقی کے لیے افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔جنرل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی سلامتی اب قومی سلامتی کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے اور ملک کو آگے بڑھانے اور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی پارٹنرز کو پاکستان پر پُراعتماد کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم معدنی صنعتوں کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔

آرمی چیف نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ پاک فوج شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کو ایک مضبوط سیکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات فراہم کرے گی تاکہ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے پاکستان میں ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کو پاکستان میں آ کر اپنی مہارت سے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک قابل اعتماد پارٹنر ہے اور عالمی اداروں کو خوش آمدید کہتا ہے کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں اور یہاں سرمایہ کاری کے نئے مواقع دریافت کریں۔