ٹرمپ کے ہاتھ پر ابھرنے والا داغ، صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں

ٹرمپ کے ہاتھ پر ابھرنے والا داغ، صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں

واشنگٹن: اوول آفس میں ایک حالیہ تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دائیں ہاتھ کی پشت پر واضح گہرا نیلا داغ (bruise) دیکھا گیا، جس کی تازہ تصاویر اور ویڈیوز نے ان کی صحت کے حوالے سے سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 79 سالہ صدر کے ہاتھ پر یہ سیاہ داغ گزشتہ چند مہینوں سے وقفے وقفے سے نظر آ رہا ہے۔ کئی مواقع پر ٹرمپ نے اسے میک اپ کے ذریعے چھپانے کی کوشش کی۔ حال ہی میں وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران وہ اکثر اپنے بائیں ہاتھ کو دائیں ہاتھ کے اوپر رکھ کر داغ چھپانے کی کوشش کرتے رہے۔سوشل میڈیا پر اس داغ کے حوالے سے قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ صدر شاید کسی میڈیکل ٹریٹمنٹ سے گزر رہے ہیں یا ان کے خون کے بار بار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس اور صدر ٹرمپ کے معالج کا کہنا ہے کہ صدر کی صحت بہترین ہے اور یہ داغ محض زیادہ ہینڈ شیکنگ اور روزانہ اسپرین کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہونے والا معمولی Soft Tissue Irritation ہے، جو عام اور بے ضرر ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق یہ حالت ہاتھ پر داغ کی شکل میں ظاہر ہو سکتی ہے لیکن یہ کوئی خطرناک مسئلہ نہیں۔ صدر ٹرمپ حال ہی میں اس مرض Chronic Venous Insufficiency میں مبتلا ہونے کا اعتراف کر چکے ہیں، جس میں ٹانگوں کی رگیں خون کو مؤثر طریقے سے دل تک واپس نہیں پہنچا پاتیں اور سوجن پیدا ہوتی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق یہ مرض ہاتھ پر موجود داغ سے متعلق نہیں ہے۔