آرمی چیف معیشت کی بحالی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں:وزیر اطلاعات

آرمی چیف معیشت کی بحالی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں:وزیر اطلاعات

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آرمی چیف معیشت کی بحالی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی پر تنقید کی اور کہا کہ ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی والے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ملک کے دفاعی اداروں اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ کر کے ملک کی سالمیت سے کھیل رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کی توہین کرنے والوں کو ملک کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے صوابی جا کر کیپٹن شیر خان کے مزار پر حاضری دی اور ان کے بھائی انور لالہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس واقعہ پر معذرت کی اور بتایا کہ بھارتی بریگیڈیئر نے بھی کیپٹن شیر خان کی بہادری کو سراہا تھا۔عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حمایت کو سراہا اور کہا کہ پی ٹی آئی 11 سالوں میں صوبے میں سی ٹی ڈی اور فارنزک لیب تک نہیں بنا سکی۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ پشاور کے دھماکوں کے نمونے اب بھی فارنزیک کے لیے لاہور بھیجے جاتے ہیں اور این ایف سی ایوارڈ کے اربوں روپے ضائع کیے گئے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی گروپ بندی کا شکار ہے اور نہ یہ ملک سے مخلص ہے نہ پارٹی سے۔ شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کی بحالی ممکن ہوئی ہے اور عالمی ادارے بھی اب پاکستان کی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایس سی او اجلاس، 12 ممالک کے وزرائے اعظم کی آمد اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ میدان میں نکلیں اور مسلم لیگ (ن) کا پیغام ہر گھر تک پہنچائیں۔