صوابی کے علاقے گوہاٹی نہر میں رکشہ گرنے سے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی لاشوں کا آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آخری ڈوبنے والے بچے کی لاش نکالنے کے بعد سرچ آپریشن اختتام پذیر ہوا۔یہ المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب باکر کے مقام پر ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی رکشہ سے ٹکرا گئی، جس کے باعث رکشہ نہر میں جا گرا۔ رکشہ میں سوار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔اس حادثے میں مجموعی طور پر 14 افراد نہر میں ڈوب گئے، جن میں سے مقامی افراد اور ریسکیو کی غوطہ خور ٹیموں نے 8 افراد کو زندہ نکال لیا، جبکہ 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین، دو بچے اور ایک بچی شامل ہیں۔ریسکیو ٹیموں کی سخت محنت اور مقامی افراد کے تعاون سے تمام لاشوں کو نکال لیا گیا، جس کے بعد ریسکیو آپریشن کو مکمل کر لیا گیا۔ اس واقعے نے پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑادی اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔