چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی پارٹی میں اختلافات ختم کرنے کی کوششیں رنگ لے آئیں اور انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو صلح کے لیے آمادہ کر لیا۔
بیرسٹر گوہر نے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی سے ملاقات کی، جس کے نتیجے میں رہنماؤں کے درمیان اختلافات ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور اور دیگر رہنما اس بات پر رضامند ہو گئے کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کیے جائیں، اور اس موقع پر عاطف خان، اسد قیصر اور شہرام ترکئی بھی آپس میں اختلافات ختم کرنے پر متفق ہو گئے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات معمول کی بات ہیں اور یہ بڑی پارٹیوں میں ہوتے ہیں، تاہم ان کا یہ مطلب نہیں کہ پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اختلافات مسائل کو بڑھا سکتے ہیں اور یہ بات پی ٹی آئی کی یکجہتی کے لیے ضروری ہے کہ ان پر قابو پایا جائے۔
عاطف خان نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے اسد قیصر، شہرام ترکئی اور علی امین گنڈاپور سے اپنے اختلافات ختم کر لیے ہیں۔خیبر پختونخوا کے مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ مخالفین پی ٹی آئی کے اندر اختلافات کی خبریں بڑھا چڑھا کر پیش کر کے خوش فہمی میں مبتلا نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں موجود معمولی اختلافات کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات سے کہیں زیادہ مسائل تو شریف خاندان میں ہیں، جہاں اقتدار کی جنگ ہر وقت جاری رہتی ہے، اور پیپلز پارٹی کو بھی اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔