اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی رہنماؤں اور اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے، جبکہ انہوں نے پارٹی میں مکمل اتحاد برقرار ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے اور انہیں ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق ان کی علی امین گنڈاپور، شیخ وقاص اکرم، علی اصغر خان اور سلمان اکرم راجہ سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پارٹی متحد ہے اور پارٹی کے اندر اختلافات کو بیان بازی کے ذریعے ہوا نہیں دینی چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی کے ارکانِ صوبائی اسمبلی متحد ہیں اور انہوں نے کبھی پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہیں کی، نہ ہی آئندہ ایسا کریں گے۔ انہوں نے ارکان پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کو بھی ان پر فخر ہے۔بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے حوالے سے بھی واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘‘