دن بھر ٹریفک جام ، شہری خوار

 وارڈنز سڑکیں بند کر کے اہم شخصیات کوگزارتے رہے، شہری سڑکوں پر محصور رہے ،رات 9 بجے ٹریفک بحال
لاہور(کرائم رپورٹر )شہر کی اہم شاہراہوں پرسارا دن ٹریفک جام رہی۔وارڈنز سڑکوں کو بند کر کے اہم شخصیات کو گزارتے رہے۔شہری سڑکوں پر محصور ہو کر رہ گئے،منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا ، غصے کے عالم میں پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس کو کوستے رہے۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہی اور شہریوں کو اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک اس قدر بلاک تھی کہ شہریوں نے روڈزپر گاڑیوں بند کر دیں اور وقت گزرنے کیلئے فون پر باتیں کرتے رہے ۔کلمہ چوک، فیروزپور روڈ، کینال روڈ، مال روڈ ،گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک ،شملہ پہاڑی،ایجرٹن روڈ، منٹگمری روڈ، چیئرنگ کراس ،مزنگ، لوئرمال، اپر مال اور ملتان روڈ پر ٹریفک جام رہی ۔ٹریفک وارڈنز نے وی وی آئی پیز موومنٹ کیلئے مال روڈ اور کینال روڈ کو بند کیا جسکی وجہ سے ٹریفک کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں ،جب ٹریفک جام ہوئی تو وارڈنز بھی غائب ہو گئے۔ رات 9 بجے کے بعد ٹریفک بحال ہونا شروع ہوئی۔ ٹریفک پولیس ترجمان کا کہنا تھا شملہ پہاڑی اور مال روڈ پر احتجاج تھا جسکی وجہ سے ٹریفک کا دباؤ دیگر سٹرکوں پر آیا، ویمن کرکٹ ٹیموں کے پریکٹس میچ کے باعث مال روڈ اور کینال روڈ کو بند کیا گیا ۔