پاکستان معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھا کر قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

پاکستان معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھا کر قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنی ذخائر کی مالیت کھربوں ڈالر کے برابر ہے اور ان ذخائر سے فائدہ اٹھا کر پاکستان اپنے قرضوں کے بوجھ سے چھٹکارا حاصل کر سکتا ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کو بڑھانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن میں خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، سندھ اور پنجاب شامل ہیں۔ آذاد کشمیر میں بھی قدرتی وسائل کی ایک بڑی تعداد دفون ہے۔وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے کی پیشرفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں کان کنی کے منصوبوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے میں سماجی و معاشی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے بڑے کوئلے کے ذخائر کا حامل ہے، اور سندھ حکومت ان ذخائر سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان درآمدی کوئلے کے بجائے مقامی ذخائر پر انحصار کر کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کر رہا ہے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں خام مال کی بجائے تیار شدہ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا ہے اور اس مقصد کے لیے ویلیو ایڈیشن کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔انہوں نے تمام مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہوئے فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک، چین، یورپ، امریکا اور دیگر خطوں سے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے۔