ملائکہ اروڑا کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری، مسلسل غیر حاضری پر کارروائی

ملائکہ اروڑا کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری، مسلسل غیر حاضری پر کارروائی

ممبئی کی عدالت نے بالی ووڈ کی معروف ڈانسر اور اداکارہ ملائکہ اروڑا کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

یہ وارنٹ 2012ء میں ہونے والے ہوٹل حملہ کیس کے سلسلے میں اداکارہ کی مسلسل غیر حاضری پر جاری کیے گئے ہیں۔ملائکہ اروڑا کو اس کیس میں سیف علی خان کے خلاف بطور گواہ پیش ہونا تھا، مگر وہ مسلسل عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں۔ اس وجہ سے عدالت نے ایک بار پھر ان کے خلاف قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔ گزشتہ روز، سیف علی خان سمیت تمام ملزمان نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے منظور کر لیا تھا۔ تاہم، ملائکہ اروڑا کے وارنٹ کی کارروائی جاری رہی۔

پہلے بھی ملائکہ اروڑا کے خلاف 15 مارچ کو قابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہو چکے تھے، اور اس وقت عدالت نے ان کی بہن امریتا اروڑا اور دوست فرخ واڈیا کے بھی وارنٹ جاری کیے تھے۔ اس مرتبہ عدالت نے ملائکہ کے لیے 5 ہزار روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں اور رواں ماہ کے اختتام تک رپورٹ طلب کی ہے کہ آیا وہ عدالت میں پیش ہوتی ہیں یا نہیں۔یہ مقدمہ 2012ء کے ہوٹل حملہ کیس سے متعلق ہے، جس میں سیف علی خان کو مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور ملائکہ اروڑا سمیت دیگر افراد کو گواہ کے طور پر پیش ہونا تھا۔