معدنی شعبے میں سرمایہ کاری: 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم آج سے شروع

معدنی شعبے میں سرمایہ کاری: 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم آج سے شروع

ویب ڈیسک: پاکستان معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مصمم عزم کے ساتھ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کا آج سے آغاز ہونے جا رہا ہے۔

 یہ فورم 8 اور 9 اپریل کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں منعقد کیا جائے گا، جس میں عالمی سطح کے سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گے۔فورم کے دوران مختلف ملکی اور غیر ملکی وفود پاکستان بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے اور مختلف کاروباری امکانات پر مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے جائیں گے۔ سعودی عرب، فن لینڈ، امریکا، یورپ اور دیگر ممالک کے وفود فورم میں شریک ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر فورم میں شرکت کریں گے، جبکہ اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ایرک مائر کی سربراہی میں انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کرے گا۔

 اس کے علاوہ سعودی گولڈ ریفائنری کے ڈپٹی چیئرمین فیصل سلیمان اور سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ عبدالسلام عبداللہ بھی اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔اس کے علاوہ، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور چین جیولوجیکل سروے کا وفد بھی اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جبکہ فن لینڈ کی کمپنی ’’میٹسو‘‘ کے وائس پریزیڈنٹ بھی اپنے وفد کے ہمراہ فورم میں شریک ہیں۔ غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس سے پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔