نوازشریف کا پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنیکا فیصلہ صدر کی دعوت پر9اپریل کو بیلاروس جائینگے

نوازشریف اب پارٹی معاملات کو چلانے کیلئے باقاعدہ دفتر میں بیٹھیں گے‘ ایوان وزیراعلی 90 شاہراہ میں دفتر بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردی گئیں
 روزانہ کی بنیاد پر  پارٹی معاملات چلائیں گے‘ تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ‘ ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی ورکرز بھی ملاقاتیں کریں گے‘دورہ بیلاروس کے بعد لندن جائینگے
لاہور (سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں) صدر مسلم لیگ (ن)  نوازشریف نے پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنیکا فیصلہ کرلیا۔ نوازشریف اب پارٹی معاملات کو چلانے کے لیے باقاعدہ دفتر میں بیٹھیں گے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کے لئے ایوان وزیراعلی 90 شاہراہ میں دفتر بنانے کیلئے تیاریاں شروع کردی گئیں۔ نوازشریف سے اب تمام ایم پی ایز، ایم این ایز اور ٹکٹ ہولڈرز سمیت پارٹی ورکرز بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پارٹی معاملات چلانے کے لئے مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف کو لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوایئول کا سربراہ بنایا گیا ہے ۔ نوازشریف پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے نہ صرف ان کے تحفظات کو دور کریں گے۔نواز شریف لندن واپسی کے بعد باقاعدہ روزانہ کی بنیاد پرباقاعدہ پارٹی معاملات چلائیں گے ۔ حکومت پنجاب کے ایک خصوصی اجلاس میں لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوایئول  قائم کر کے نواز شریف کو اس کا پیٹرن ان چیف بنایا گیا تھا۔دریں اثناء نواز شریف لندن روانگی سے قبل بیلا روس کا دورہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا  ہے کہ نواز شریف 9 اپریل کو صدر بیلا روس کی خصوصی دعوت پر بیلا روس کا دورہ کریں گے۔نواز شریف 10 اپریل کو بیلا روس سے لندن روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بھی 9 اپریل کو بیلا روس کا دورہ کریں گے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی 9 اپریل کو بیلا روس کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مریم نواز وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے ہمراہ بیلا روس کے خصوصی دورے پر جائیں گی، مریم نواز شریف بیلا روس کے دورے کے بعد وطن واپس آئیں گی۔