اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے معرکۂ حق سے متعلق بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے پارٹی پالیسی نہیں سمجھا جا سکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق نورین نیازی کا متنازع انٹرویو تقریباً تین ماہ قبل ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم اسے اب دوبارہ زیر بحث لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ "کوئی بھی متنازع بیان مین اسٹریم میڈیا پر نشر نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ایسے بیانات غیر ضروری تنازعات کو جنم دیتے ہیں۔"پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کیا کہ نورین نیازی کے خیالات ان کی ذاتی رائے ہیں اور ان کا پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور اسے کسی فرد کے ذاتی بیان سے منسلک نہیں کیا جا سکتا۔بیرسٹر گوہر نے معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم ہے اور پوری دنیا نے اس معرکے میں پاکستان کی کامیابی کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی پر فخر ہے اور قومی مفاد کے معاملات پر پوری قوم کو متحد رہنا چاہیے۔واضح رہے کہ نورین نیازی کے حالیہ بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی تھی، جس پر مختلف جماعتوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا، جبکہ اب پی ٹی آئی کی قیادت نے اس بیان کو پارٹی پالیسی سے الگ قرار دے دیا ہے۔