اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران سرکاری رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
جسٹس شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ علیمہ خان کی جانب سے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شاہینہ شہاب جبکہ سرکار کی جانب سے عثمان گھمن عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے سرکاری رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد درخواست نمٹا دی۔ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی گئی تھی۔عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس کے ریکارڈ میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں، جبکہ ایف آئی اے میں دونوں بہنوں کے خلاف ایک انکوائری بھی زیرِ التوا ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آج تک دستیاب معلومات کے مطابق دونوں بہنوں کے خلاف اسلام آباد پولیس میں یہی 3 مقدمات اور ایف آئی اے میں ایک انکوائری موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق درخواست شاہریز خان نے اکتوبر 2024 میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی گرفتاری کے دوران دائر کی تھی۔