لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 229 ریکارڈ

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 229 ریکارڈ

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 229 ریکارڈ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برکی روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 281 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 272 رہا۔ اسی طرح سی ای آر پی میں بھی فضائی آلودگی کی شرح 272 ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق بیدیاں روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 232، ماڈل ٹاؤن میں 226 اور فیز فائیو میں 204 ریکارڈ کیا گیا، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں آلودہ فضا کی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کی صحت سے متعلق خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے، باہر جاتے وقت ماسک استعمال کرنے اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔