اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کی تعمیر، کردار سازی اور معیارِ تعلیم بہتر بنانے میں اساتذہ کے اہم کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے آئندہ نسلوں کی تشکیل میں اساتذہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ صرف علم منتقل نہیں کرتے بلکہ طلبہ میں تجسس کو پروان چڑھانے اور ان کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اساتذہ نوجوانوں میں وہ مہارتیں اور اقدار فروغ دینے میں مدد دیتے ہیں جو انہیں معاشرے کے ذمہ دار اور مفید شہری بننے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال عالمی یومِ اساتذہ کا موضوع اساتذہ کے ساتھ یکجہتی، ان کے پیشے کے تحفظ، مقام و مرتبے کے فروغ اور مستقبل کی تشکیل میں ان کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔صدر نے کہا کہ اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں پیشہ ورانہ معاونت اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھتے ہیں۔وزیراعظم نے ملک بھر میں دانش اسکولوں کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے ذریعے باصلاحیت اور ذہین طلبہ، خصوصاً معاشی طور پر کمزور پس منظر رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت ناگزیر ہے، جس میں اساتذہ کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔