کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اب پاکستان کو بھی عمل اور جدت کے راستے پر چلنا ہوگا، آرام کرنے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ دنیا پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتی ہے، ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ “میں آپ سب میں سے ہی ایک ہوں، آپ کا حمایتی ہوں، مجھے وزارت سنبھالے 6 ماہ ہوئے ہیں، مگر آپ 60 سال کے مسائل بیان کرتے ہیں۔”مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں ذمہ داری لیتا ہوں، سابقہ حکومتوں پر الزام نہیں لگاؤں گا۔ ڈریپ میں میڈیکل آلات اور ادویات کے معاملات زیر غور آتے ہیں، لیکن ہر مسئلہ عوامی فورم پر حل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “میں 24 گھنٹے فون پر دستیاب ہوں، چاہتا ہوں کہ نظام درست ہو، اگر مسائل حل کروانے ہیں تو آ کر بات کرنی ہوگی۔”وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کی انڈسٹریز کا بڑا حصہ پڑوسی ملکوں کی جانب جا رہا ہے، جبکہ کراچی پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ “میری کوئی دوا یا میڈیکل ڈیوائسز کی فیکٹری نہیں، آپ کو سہولت فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے، اور میں یہی فرض پورا کرنا چاہتا ہوں۔”