امریکا میں سمندر کے بیچ حادثہ، کارگو جہاز کروز شپ سے ٹکرا گیا، 32 زخمی

امریکا میں سمندر کے بیچ حادثہ، کارگو جہاز کروز شپ سے ٹکرا گیا، 32 زخمی

نیو اورلینز: امریکی شہر نیو اورلینز میں دریائے مسیسیپی پر کارگو جہاز اور مسافروں سے بھرے کروز شپ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 32 افراد زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد کروز شپ ایک جانب جھک گیا، تاہم جہاز میں سوار تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت کروز شپ پر 120 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں مسافر اور عملے کے ارکان شامل تھے۔ کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد کروز شپ کو شدید جھٹکا لگا اور وہ ایک جانب جھک گیا، جس سے جہاز میں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور متعلقہ ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کارکنوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کروز شپ میں موجود تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ حادثے میں مجموعی طور پر 32 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت دریائے مسیسیپی میں تصادم کے مقام کے قریب جہازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کردی گئی تاکہ امدادی سرگرمیوں اور جائے حادثہ کے معائنے میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

امریکی حکام کی جانب سے تاحال تصادم کی حتمی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم 32 افراد زخمی ہوئے ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔صدر ٹرمپ نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے امریکی کوسٹ گارڈ اور دیگر ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی بروقت کارروائی کو قابل تحسین قرار دیا۔