لیسکو شارٹ فال 850 میگاواٹ سے تجاوز،شہروں میں 2، دیہات میں چھ گھنٹے تک بجلی کی بندش

گیس ، بجلی کا بحران، گھنٹوں لوڈ شیڈنگ 
درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ، شہری ایل پی جی خریدنے پرمجبور، 24 میں صرف 6 گھنٹے گیس فراہمی کا فیصلہ، ناشتے اور رات کے کھانے کے اوقات میں ہی گیس دستیاب ہو سکے گی ،شہریوں کومشکلات کاسامنا 
لاہور(کرائم رپورٹر ) بجلی وگیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے بجلی ، گیس کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان سے دوچار ہیں اور لیسکو کا شارٹ فال 850 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ۔ذرائع این ٹی ڈی سی کے مطابق لیسکو اپنی 2700 میگاواٹ کی طلب بھی پوری نہیں کر پا رہا، جس کی وجہ سے بجلی کی کمی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شارٹ فال کے باعث شہر میں 2 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے تک غیر علانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ادھر ذرائع سوئی ناردرن نے بتایا کہ درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے، گیس کی قلت کے باعث شہری ایل پی جی خرید رہے ہیں۔ ذرائع این ٹی ڈی سی نے مزید بتایا کہ آر ایل این جی گیس نہ ملنے سے بلوکی پاورپلانٹ بند ہوگیا ہے، بلوکی پاورپلانٹ 1223 میگاواٹ بجلی سسٹم میں فراہم کرتا تھا۔دوسری طرف سوئی ناردرن گیس کمپنی نے 24 گھنٹوں میں صرف 6 گھنٹے گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔کمپنی کے مطابق صارفین کو دن میں صرف دو وقت گیس فراہم کی جائے گی ۔ذرائع کے مطا بق گیس کی فراہمی کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ صبح ناشتے اور رات کے کھانے کے اوقات میں ہی گیس دستیاب ہو سکے گی۔