لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ تبدیلی کے دعوے داروں کے دور میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر نظر آتے تھے۔
انہوں نے کہا، "گوگی اور پنکی کے دور میں پنجاب میں صرف تباہی آئی، ماضی میں صوبے میں صفائی سے متعلق کوئی کام نہیں ہوا"۔مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کو عوام کے لیے راحت کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے شہروں اور دیہات کو صاف کرکے انہوں نے اپنا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ "ستھرا پنجاب پروگرام کی جیکٹ پہننا میرے لیے اعزاز ہے، یہ پیغام ہے کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے ہوں"۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے بعد ستھرا پنجاب کے کارکنوں نے ہر جگہ شیشے کی طرح چمکا دی، انسانی بند باندھ کر پانی روکا، اور پنجاب کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کی صفائی بھی کی۔مریم نواز نے کہا، "سب کو پیسے ملتے ہیں، اپنی حکومتوں سے سوال کریں، گوگی اور پنکی کے دور میں پاکستان میں تباہی آئی، اُس دور میں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے"۔