لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام ،پہلا فیزتقریباً مکمل،دوسرابھی شروع

فیز ون کے تحت 349 کلومیٹرسیوریج لائن ، 441 کلومیٹر واٹرسپلائی کا کام مکمل
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں ترقیاتی سرگرمیاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔پہلا فیز تقریباً مکمل جبکہ دوسرے فیز پر بھی تیزی سے پیشرفت جاری ہے۔تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت کل 351 کلومیٹر سیوریج لائن میں سے 349 کلومیٹر کا کام مکمل اور448 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن میں سے 441 کلومیٹر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔واسا کے تحت پہلے فیز میں365 گلیوں میں سے 364 کا کام مکمل کر لیا گیاجبکہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام 1573 گلیوں میں سے 1404 مکمل کر لی گئیں۔ فیز ون میں واسا نے 94 فیصد کام مکمل کر لیا۔فیز ٹو پربھی کام کا آغاز کر دیا گیا جسکے تحت ابتک 290 کلومیٹر سیوریج لائن میں سے 39 کلومیٹراور 310 کلومیٹر واٹر سپلائی لائن میں سے 25 کلومیٹر مکمل کر لی گئیں۔فیز ٹو میں واسا کل 1554 گلیوں کا سیوریج نظام درست کریگی،جسکے بعد ان گلیوں کی تعمیر و بحالی ضلعی انتظامیہ کے تحت مکمل کی جائیگی۔ حکومت نے واضح ہدایت کی ہے کہ تمام کام مون سون سے قبل مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بارشوں پرمشکلات کا سامنا نہ ہو۔فیز ون میں گلبرگ، راوی، نشتر، شالیمار،داتا گنج بخش اور سمن آباد زون شامل ہیں۔ فیز ٹو میں واہگہ، عزیز بھٹی اور علامہ اقبال زون شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ فیز ون نومبر اور فیز ٹو اگلے سال اپریل تک مکمل کر لیا جائے۔