پنجاب حکومت نے لاہور واٹر اینڈ ویسٹ واٹر مینجمنٹ پروجیکٹ کے لیے بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کابینہ نے پروجیکٹ کی مد میں قرض کے لیے مذاکراتی ٹیم کو منظوری دے دی ہے۔مذاکراتی ٹیم میں صوبائی وزرا اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز شامل ہوں گے، اور اس کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے گا۔ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے ساتھ فنانسنگ معاہدے کی تیاری کی منظوری دی گئی ہے۔منصوبے کے تحت لاہور میں مرکزی ٹرنک سیور، نئے ڈسپوزل اسٹیشنز، جدید نکاسی نظام، سطحی پانی کے انتظام اور ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب ممکن ہوگی۔واسا لاہور کی صلاحیت سازی کے ساتھ جدید بلنگ و میٹرنگ سسٹم بھی پروجیکٹ میں شامل ہوگا۔
حالیہ میٹنگ میں منصوبے کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور ماحولیاتی و سماجی فریم ورک کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔منصوبے کی تکمیل سے دریائے راوی کی آلودگی میں نمایاں کمی کی توقع ہے، اور محکمہ خزانہ نے ابتدائی تیاری کے لیے واسا کو بجٹ اور اضافی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔مذاکراتی ٹیم جلد AIIB کے ساتھ شرح سود، ادائیگی کے شیڈول اور معاہدے کی شرائط پر گفتگو مکمل کرے گی۔یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کے پانی اور نکاسی کے نظام کو جدید بنائے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور شہری سہولیات میں بھی بہتری لائے گا۔