ویب ڈیسک: سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا، جس میں ابتدائی طور پر ایک ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، وفد کی قیادت پرنس منصور بن محمد السعود کریں گے۔ سرمایہ کاری کے ممکنہ شعبوں میں ٹیکنالوجی، کھیلوں کا سامان، خوراک اور زراعت شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی حکومت سرکاری اداروں اور پیٹروکیمیکل پلانٹس میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کرے گی، جبکہ سعودی عرب دفاعی پیداوار اور ریکوڈک منصوبے میں بھی دلچسپی ظاہر کر چکا ہے۔ذرائع کے مطابق، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منافع کی منتقلی میں درپیش مشکلات کے باعث سعودی سرمایہ کاری کا انحصار اقتصادی اصلاحات پر ہوسکتا ہے۔