وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں یو ایس چیمبر آف کامرس کے دفتر کا دورہ کیا اور امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں مائنگ اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کان کنی اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور یو ایس پاکستان بزنس کونسل کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، اور تمام اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، جس سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ پاکستان بزنس کونسل کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور صدر امریکہ پاکستان بزنس کونسل ایسپیرنزا جیلالین، سینئر نائب صدر چارلس فریمین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنٹر فار گلوبل ریگولیٹری کارپوریشن ایبل ٹواریس اور منیشا ویپا سمیت کئی دیگر حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور ٹریڈ اتاشی بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
محسن نقوی نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری کی پالیسی اور جدید سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ایک خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا۔