گورنر پنجاب سے امریکی کاروباری وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

گورنر پنجاب سے امریکی کاروباری وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے نیویارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں خدمات، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس ابوذر شاد سمیت دیگر کاروباری شخصیات بھی وفد کا حصہ تھیں۔ اس موقع پر پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری کے درمیان تعاون بڑھانے اور ملک میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر گفتگو ہوئی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی محنت، صلاحیتوں اور کامیابیوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ملک کے لیے ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور انہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، گورنر پنجاب
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی سرمایہ کاری، ترسیلاتِ زر اور کاروباری سرگرمیاں پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو وطن میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بلاخوف و خطر کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کر سکیں۔

حکومتی اقتصادی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، وفد
ملاقات کے دوران وفد کے رکن علمدار شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وفد کے ارکان نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور ملکی کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔