وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز اور اسلام آباد ریجنل پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد ریجنل پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں سہولت ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 14 شہروں میں نادرا کے 24/7 میگا سنٹرز قائم ہیں، جہاں شہریوں کو پاسپورٹ بنانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹس کی تیاری میں تاخیر مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور شہری اب مقررہ وقت میں پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے کی جانب سے ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کی تعریف کی اور پاسپورٹ آفس کے عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ افتتاحی تقریب میں نادرا کے چیئرمین، اسلام آباد پولیس کے آئی جی، اور دیگر حکام بھی شریک تھے، اور وزیر داخلہ نے بہترین کارکردگی دکھانے والے سٹاف کو اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات سے نوازا۔