وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کا دورہ، شہری سہولتوں میں بہتری کے احکامات

وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا اور پاسپورٹ دفاتر کا دورہ، شہری سہولتوں میں بہتری کے احکامات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک اور پاسپورٹ آفس شاہدرہ کا دورہ کیا اور شہریوں کے مسائل کا جائزہ لیا۔

نادرا سنٹر کوٹ عبدالمالک دفتر تزئین و آرائش کے باعث بند تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑا۔ دو موبائل وین موجود ہونے کے باوجود انٹرنیٹ ڈاؤن کی شکایات سامنے آئیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ہر سنٹر سے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت موجود ہے، اور شہریوں کو دوسرے سنٹر جانے کا کہنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے سسٹم ڈاؤن ہونے اور ہیلپ لائن پر مناسب رہنمائی نہ ملنے کی شکایات سنی اور فوری حل کے احکامات دیے۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انٹرنیٹ کا مسئلہ جلد حل کیا جائے اور ہر نادرا سنٹر سے شناختی کارڈ بنوانے کی سہولت یقینی بنائی جائے۔

پاسپورٹ آفس شاہدرہ میں وزیرداخلہ نے شہریوں کے مسائل سنے اور پاسپورٹ بنوانے کے عمل اور ڈلیوری میں تاخیر کی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فائلیں اور کاغذات دیکھ کر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو مختلف سنٹرز کے چکر لگوانا ناقابل قبول ہے۔وزیر داخلہ نے حکم دیا کہ تمام ریکارڈ فوری طور پر آن لائن کیا جائے، پاسپورٹ کی ڈلیوری مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے، اور شہری کسی بھی پاسپورٹ سنٹر سے سہولت حاصل کر سکیں۔ کوٹ عبدالمالک کے سنٹر کو جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔