لاپتہ شہری کی اہلیہ کے اکائونٹ میں 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم منتقل

ہائیکورٹ کا   مقدمے میں 2018 کے حکم پر تاحال عملدرآمد نہ ہونے پر اظہار برہمی
اسلام آباد(آئی این پی )حکومت نے لاپتا شہری کی اہلیہ کے اکائونٹ میں 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم منتقل کردی۔ رپورٹ کے مطابق   لاپتا شہری عمر عبداللہ کی بازیابی  کیلئے  ان کی اہلیہ زینب زعیم کی دائر کردہ درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں  جسٹس محسن اختر کیانی نے کی، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ لاپتا شہری کی اہلیہ کے اکائو نٹ میں حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم منتقل کر دی گئی ہے۔عمر عبداللہ کے والد خالد عباسی ایڈووکیٹ نے عدالت کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزارتِ دفاع کے نمائندے بھی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں لاپتا شہری سے متعلق رپورٹ پیش کی اور گزارش کی کہ ان کیمرہ بریفنگ سے قبل عدالت اس رپورٹ کا جائزہ لے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو یاد دلایا کہ 2018  میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتا شہری کے مقدمے میں اس وقت کے آئی جی، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، ایس ایس پی اور تفتیشی افسر پر جرمانے عائد کیے تھے، تاہم آج تک ان احکامات پر عمل درآمد نہیں ہوا۔