190ملین پائونڈ حکومتی اکائونٹ میں منتقل ہونے چاہئیں تھے: قمر زمان کائرہ

پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے ماضی سے سیکھا، حکومت کیساتھ بیٹھنے کا مطلب کسی کو کلین چٹ دینا نہیں ہوتا
 بانی پی ٹی آئی نے کابینہ کو دھوکے میں رکھا، سابق چیف جسٹس بھی اس معاملے میں ذمہ دار بنتے ہیں،انٹرویو
لاہور(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو 190ملین پائونڈ حکومت کے اکائونٹ میں منتقل کرنے چاہئیں تھے۔ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ نے ماضی سے سیکھا، دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے پر الزام لگائے، حکومت کے ساتھ بیٹھنے کا مطلب کسی کو کلین چٹ دینا نہیں ہوتا۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کابینہ میں کچھ لوگوں نے کہا بند لفافہ دکھایا جائے، بانی پی ٹی آئی نے کابینہ کو دھوکے میں رکھا، یہ پیسا سپریم کورٹ کے اکانٹ میں گیا۔رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس وقت کے چیف جسٹس کو چاہیے تھا حکومت کو پیسے منتقل کر دیتے، سابق چیف جسٹس بھی اس معاملے میں ذمہ دار بنتے ہیں۔عمران خان کو عدالتوں سے ریلیف کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو کئی کیسز میں ریلیف دیا ہے۔