سرگودھا : کنویں کی کھدائی ، مٹی تلے دب کر تین مزدور جاں بحق

جاں بحق مزدوروں کی شناخت احمد بخش، عظمت، محمد ارشد کے نام سے ہوئی 
 افسوسناک واقعہ تحصیل سلانوالی کے نواحی گاؤں چک 137 جنوبی میں پیش آیا
سرگودھا(بیورو رپورٹ)سرگودھا میں 137 جنوبی میں کنویں کی کھدائی کے دوران مٹی تلے دب کر تین مزدور جاں بحق ہو گئے۔سرگودھا کی تحصیل سلانوالی کے نواحی گاؤں چک 137 جنوبی میں کنویں کی کھدائی کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مٹی کی دیوار اچانک گرنے سے تین مزدور ملبے تلے دب گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری شروع کی گئیں۔ ملبے سے دو مزدوروں کی نعشیں اور ایک زخمی مزدور کو تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال سلانوالی منتقل کیا گیا، تاہم زخمی مزدور بھی بعد ازاں جانبر نہ ہو سکا۔جاں بحق مزدوروں کی شناخت احمد بخش، عظمت اللہ اور محمد ارشد کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین ہسپتال پہنچ گئے جن کا غم سے برا حال تھاریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کنویں کی دیوار اچانک بیٹھ جانے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔