نجی ہسپتالوں لیبارٹریوں نے ڈینگی ٹیسٹ فیس 1500روپے کر دی

 سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا رش‘ ڈینگی کی تشخیص جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگئی
راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے بھی پراسرار خاموشی اختیار کر لی
راولپنڈی (آن لائن) ڈینگی مچھر سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے وجہ سے پرائیویٹ ہسپتالوں اور لیبارٹریوں نے ڈینگی ٹیسٹ کی فیس میں 90 روپے کی بجائے 1500 روپے تک خودساختہ ریٹ مقرر کردئیے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا بے پناہ رش غریب عوام کے لئے ڈینگی کی تشخیص جوئے شیر لانے کے مترادف ہوگئی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے بھی پراسرار خاموشی اختیار کر لی ڈینگی بخار کی علامات کے حامل اور راولپنڈی کے ہسپتالوں میں بے پناہ رش سے مایوس افراد کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کے تحت محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو ڈینگی وائرس کی تشخیص کے لئے 90 روپے میں ٹیسٹ کا پابند کیا تھا جس سے ہر شخص کے لئے بروقت ڈینگی ٹیسٹ کروانا آسان عمل تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ احکامات ہوا میں اڑا دیئے گئے متاثرین کے مطابق اس وقت راولپنڈی اسلام آباد کے نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریوں نے ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 800 روپے سے 1500 روپے مقرر کر رکھی ہے اس موقع پر شہریوں کو بلڈ سی پی، سی پی فار ڈینگی، ڈبلیو پی سی اور پلیٹ لیٹس کے چکر میں الجھا کر ہر نجی لیبارٹری اپنے حجم کے اعتبار سے 800 سے 1500 روپے تک فیس وصول کرتی ہے جبکہ بعض معروف لیبارٹریوں نے ڈینگی ٹیسٹ کی فیس رپورٹ سے مشروط کر رکھی ہے پرائیویٹ ڈاکٹروں کی جانب سے ڈینگی ٹیسٹ کی تحریری نسخے/تجویز کے حامل مریضوں کو کہا جاتا ہے کہ ڈینگی پازیٹیو آنے کی صورت میں 90 روپے فیس لی جائے گی بصورت دیگر مریض کو پوری فیس ادا کرنا ہوگی