رونالڈو کے ریٹائرمنٹ اعلان پر میسی کا ردعمل سامنے نہ آنے پر شائقین حیران

رونالڈو کے ریٹائرمنٹ اعلان پر میسی کا ردعمل سامنے نہ آنے پر شائقین حیران

لندن: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، تاہم ان کے دیرینہ حریف ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی خاموشی نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے جمعرات کو سوشل میڈیا کے ذریعے قومی ٹیم کے ساتھ اپنے طویل سفر کے اختتام کا اعلان کیا۔ وہ کئی برس تک پرتگال کی قومی ٹیم کے کپتان رہے اور ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

رونالڈو کو دنیا بھر سے خراجِ تحسین
رونالڈو کے اعلان کے بعد دنیا بھر سے معروف فٹبالرز، کرکٹرز اور کھیلوں کی دیگر شخصیات نے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تاہم انٹر میامی کے کپتان اور ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی جانب سے تاحال کوئی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث فٹبال شائقین حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں۔

میسی کے پیغام کا انتظار
سوشل میڈیا پر شائقین اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ میسی کب اپنے دیرینہ حریف رونالڈو کے لیے کوئی پیغام جاری کریں گے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کئی برسوں پر محیط تاریخی رقابت فٹبال کی تاریخ کا اہم باب سمجھی جاتی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ہفتے قبل جب میسی کی بین الاقوامی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اعلان سامنے آیا تھا تو کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔

دو دہائیوں تک فٹبال کی دنیا پر حکمرانی
کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی نے تقریباً دو دہائیوں تک عالمی فٹبال پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ دونوں سپر اسٹارز کی کارکردگی، ریکارڈز اور ایک دوسرے کے ساتھ رقابت نے دنیا بھر میں فٹبال کے کروڑوں شائقین کو متاثر کیا۔