پاکستان کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اسکواڈ میں اہم تبدیلیاں کردی گئی ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے دو کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا، جبکہ پیٹرنز الیون کے دو فاسٹ بولرز کو قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق عبداللہ فضل اور علی عثمان کو اسکواڈ جوائن کرنے سے قبل ہی ریلیز کردیا گیا۔ عبداللہ فضل کی جگہ طیب عارف کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے، جبکہ علی عثمان کی جگہ عامر جمال کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
پیٹرنز الیون کے دو فاسٹ بولرز اسکواڈ کا حصہ بن گئے
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرنز الیون کے دو فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان کو بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اسلام آباد میں ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔
گرین ٹاپ وکٹ کے پیش نظر اسکواڈ میں تبدیلیاں
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے عبداللہ فضل اور علی عثمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ نے دونوں کھلاڑیوں کو آگاہ کیا کہ راولپنڈی میں گرین ٹاپ وکٹ تیار کی جارہی ہے، جس کے پیش نظر فی الحال ان کی خدمات درکار نہیں ہیں۔اسکواڈ میں فاسٹ بولرز کی شمولیت کو بھی اسی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم علی عثمان کی جگہ عامر جمال کی شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے شروع ہوگا
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ سیریز سے قبل قومی ٹیم کی تیاریوں اور اسکواڈ میں تبدیلیوں پر کرکٹ شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔