ڈی جی آئی ایس پی آر کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ

لاہور: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان کے پہلے سکھ ڈاکٹر ممپال سنگھ نے بھی اظہارِ خیال کیا اور پاکستان سے اپنی محبت، وابستگی اور فخر کا اظہار کیا۔نشست کے دوران ڈاکٹر ممپال سنگھ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور ان کی شناخت اور وابستگی پاکستان سے ہے۔

’’مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے‘‘
ڈاکٹر ممپال سنگھ کا کہنا تھا کہ ’’میری سرداری پاکستان سے ہے اور مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آزادی کی اصل قدر ان لوگوں سے پوچھنی چاہیے جنہیں یہ نعمت میسر نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو حاصل سہولیات اور مواقع اس ملک کی خوبصورتی اور تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان نے انہیں عزت، شناخت اور تمغۂ امتیاز سے نوازا، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار
ڈاکٹر ممپال سنگھ نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔