روس کے یوکرین کے توانائی نظام پر نئے فضائی حملے، کیف سمیت 7 علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر

روس کے یوکرین کے توانائی نظام پر نئے فضائی حملے، کیف سمیت 7 علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر

کیف: روس نے یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر نئے فضائی حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں دارالحکومت کیف سمیت ملک کے سات علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔

 حملوں سے توانائی کے اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش اور توانائی کے نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے پابندیاں نافذ کرنا پڑی ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی حملے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شروع ہوئے اور 6 نومبر 2026ء کی صبح تک جاری رہے۔ ان حملوں سے یوکرین کے وِنیتسیا، دنیپروپیٹروفسک، ژیتومیر، زاپوریزیا، کیف، خارکیف اور چرنیہیف کے علاقے متاثر ہوئے۔یوکرین کے نائب وزیر توانائی آرتم نیکراسوف نے بتایا کہ روسی فضائی حملوں کے بعد کیف کے علاقے میں صورتحال سب سے زیادہ تشویش ناک ہے۔ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کے باعث بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی ترسیل کو منظم رکھنے کے لیے نیٹ ورک پر پابندیاں اور عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے سے وابستہ متعلقہ اداروں کے اہلکار بجلی کی فراہمی بحال کرنے اور متاثرہ تنصیبات کی مرمت کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں، تاہم بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی شدت کے باعث بجلی کے نظام کو مکمل طور پر معمول پر لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔روسی حملوں کے نتیجے میں یوکرین کے توانائی کے نظام پر ایک مرتبہ پھر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں، کاروباری سرگرمیوں اور دیگر اہم شعبوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یوکرین میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ جاری ہے اور توانائی کی تنصیبات دونوں ممالک کے درمیان جنگی صورتحال میں اہم اہداف بنی ہوئی ہیں۔