کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، 23 سالہ انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر

کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، 23 سالہ انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر

دنیائے فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ان کا 23 سالہ شاندار انٹرنیشنل کیریئر اختتام کو پہنچنے جا رہا ہے۔

41 سالہ اسٹار فٹبالر نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں پرتگال کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کی نمبر 7 والی شرٹ واپس کردیں۔رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے کبھی اس شرٹ کو صرف اپنی ملکیت نہیں سمجھا، تاہم 23 سال تک اسے پہننے، اس کا دفاع کرنے اور دنیا بھر کے اسٹیڈیمز میں پرتگال کی نمائندگی کرنے کا اعزاز اور ذمہ داری انہیں حاصل رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ یہ شرٹ آنے والی نسل کے حوالے کردی جائے۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا کیونکہ بعض فیصلے صرف ذہن سے نہیں بلکہ دل سے بھی کیے جاتے ہیں۔

18 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز

کرسٹیانو رونالڈو نے اگست 2003 میں 18 سال کی عمر میں پرتگال کی قومی ٹیم کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے تقریباً 23 سال تک ملک کی نمائندگی کی اور اپنی غیر معمولی کارکردگی سے فٹبال کی تاریخ میں کئی ریکارڈ قائم کیے۔رونالڈو پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ 234 انٹرنیشنل میچز کھیلنے اور 146 گول اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ مردوں کے انٹرنیشنل فٹبال میں بھی وہ سب سے زیادہ میچز اور گول کرنے کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔انہوں نے پرتگال کو 2016 میں یورپیئن چیمپئن شپ جبکہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی ٹیم کے کیمپ سے علیحدگی کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

رونالڈو کا یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں پرتگال کی قومی ٹیم کے کوچ کے ساتھ ان کے اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔رپورٹس کے مطابق ناروے کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ میں انہیں میدان میں نہ اتارے جانے پر رونالڈو ناراض ہوگئے تھے اور بعد ازاں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔تاہم اس واقعے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر واضح کیا تھا کہ وہ انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔ اب ان کی جانب سے قومی ٹیم کو خیرباد کہنے کے باضابطہ اعلان نے ان کے انٹرنیشنل کیریئر کے مستقبل سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو ختم کردیا ہے۔

پرتگال کے عوام اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ

اپنے الوداعی پیغام میں رونالڈو نے پرتگال کے عوام، اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم کے دیگر عملے کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے کسی گول نے کسی کو خوشی دی، کسی کی پریشانی بھلائی یا کسی پرتگالی شہری کو اپنے ملک پر فخر محسوس کرایا تو ان کا پورا سفر کامیاب رہا۔