ریاض/دوحہ: قطر، کویت، بحرین اور اردن نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے علاقے کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب آنے والے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔ اتحاد کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے کی فضائی حدود میں ایک حوثی ڈرون کو بھی مار گرایا گیا۔قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں میزائل حملے کی مبینہ کوشش کو مسلمانوں کے لیے کھلی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہیں۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے منافی ہے۔
قطر نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خودمختاری، سلامتی، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کیے جانے والے تمام جائز اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔دوسری جانب کویت، بحرین اور اردن نے بھی میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے سے متعلق واقعے کی مذمت کی اور سعودی عرب کے ساتھ تعاون اور حمایت کا اظہار کیا۔