25 سکیورٹی پکٹس قائم، چھ پارکنگ مقامات مختص، سرچ آپریشنز بھی جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ جاری ہے، جس میں لاکھوں ملکی و غیرملکی شرکاء شرکت کر رہے ہیں۔ لاہور پولیس نے اجتماع کے شرکاء کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کرتے ہوئے تین ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی ڈیوٹی پر تین ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 41 انسپکٹرز اور ایس ایچ اوز سمیت دیگر اہلکار مامور ہیں، جبکہ پنڈال کے گردونواح میں 25 سکیورٹی پکٹس قائم اور پارکنگ کے لیے چھ مقامات مختص کیے گئے ہیں۔ اجتماع میں داخلے کے وقت ہر فرد اور گاڑی کی چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ شرکاء کی رہنمائی اور فوری رسپانس کے لیے پولیس کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ڈولفن، پیرو، ایلیٹ فورس اور تھانوں کی گاڑیاں پنڈال کے اطراف مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق اجتماع سے ملحقہ آبادیوں میں روزانہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ شرکاء کی سکیورٹی اور سہولت لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اجتماع کے پہلے مرحلے کا اختتام اتوار کو اجتماعی دعا کے ساتھ ہوگا۔