وراثتی تنازعات اور گھریلو مسائل پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو فوری داد رسی اور قانونی کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔ کھلی کچہری میں وراثتی تنازعات، ہراسگی، گھریلو جھگڑوں اور دیگر سماجی مسائل سے متعلق شکایات پیش کی گئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اوز کو وراثتی تنازعات کے بروقت حل اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور ہراسگی کے واقعات میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں کو انصاف، تحفظ اور بروقت قانونی رہنمائی فراہم کرنا لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ وہ ہفتے میں چھ روز دوپہر ایک سے تین بجے تک کھلی کچہری کے ذریعے شہریوں کے مسائل خود سنتے ہیں۔ اگر کسی تھانے میں شکایت پر کارروائی نہ ہو تو شہری براہِ راست انہیں آگاہ کریں۔ شکایات پر غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران جوابدہ ہوں گے۔