جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر اور قائم مقام کپتان ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میں 367 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر کے برائن لارا کے 400 رنز کے عالمی ریکارڈ کے قریب آ کر بھی اسے نہ توڑنے کا فیصلہ کیا — لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ خود برائن لارا نے اس فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔
ویان ملڈر نے میچ کے بعد انکشاف کیا کہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز برائن لارا نے ان سے کہا:"تمہیں میرا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی، تم اپنی لیگیسی بنا رہے تھے، ریکارڈز توڑنے کے لیے ہی ہوتے ہیں۔"ملڈر کے مطابق، لارا نے نہ صرف حوصلہ افزائی کی بلکہ مستقبل میں ایسا موقع دوبارہ آنے پر ریکارڈ توڑنے کا مشورہ بھی دیا۔
ملڈر کا مؤقف:
ملڈر نے کہا کہ وہ برائن لارا کو ایک عظیم لیجنڈ مانتے ہیں اور اسی احترام میں انہوں نے ریکارڈ نہ توڑنے کا فیصلہ کیا:"کچھ ریکارڈ لیجنڈز کے ہی پاس رہنے چاہییں۔ کھیل کا احترام میرے لیے زیادہ اہم تھا۔"
جنوبی افریقی کوچ شوکری کونراڈ نے بھی ملڈر کو یہی مشورہ دیا:
"بڑے اسکور لیجنڈز کے لیے چھوڑ دو۔"تاہم، کرکٹ کے حلقے اس فیصلے پر منقسم دکھائی دے رہے ہیں۔
کرس گیل کا تبصرہ:
ویسٹ انڈیز کے سابق اوپنر کرس گیل، جنہوں نے دو بار ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچریاں بنائیں، نے ملڈر کے فیصلے کو "گھبراہٹ میں کیا گیا فیصلہ" قرار دیا:"اگر مجھے 400 کا موقع ملتا، تو میں ضرور بناتا۔ یہی موقع آپ کو لیجنڈ بناتا ہے۔"
تاریخی حیثیت:
ویان ملڈر کی یہ اننگز جنوبی افریقا کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیسٹ اننگز ہے۔یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا پانچواں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔جنوبی افریقا نے یہ میچ تین دنوں میں ایک اننگز اور 236 رنز سے جیتا۔