12اکتوبر سے حلقہ بندیوں کا آغاز،31اکتوبر تک ابتدائی فہرستیں تیار کی جائیں گی
حلقہ بندی اتھارٹیز 30 نومبر تک اعتراضات پر سماعت کر کے فیصلے جاری کریں گی
لاہور(کرائم رپورٹر)الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن میں حلقہ بندیوں کیلئے حلقہ بندی کمیٹیوں اور حلقہ بندی اتھارٹیز کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، حلقہ بندیوں کا عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا،تمام اضلاع میں حلقہ بندی اتھارٹیز اپنا کام شروع کر چکی ہیں۔ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل 12 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ڈیِ لیمِٹیشن کمیٹیاں 31 اکتوبر تک ابتدائی فہرستیں تیار کریں گی۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں یکم نومبر کو شائع کی جائیں گی۔ ووٹرز 2 نومبر سے 16 نومبر تک حلقہ بندی اتھارٹیز کے سامنے اعتراضات جمع کروا سکیں گے۔ ڈیِ لیمِٹیشن اتھارٹیز 30 نومبر تک تمام اعتراضات پر سماعت کر کے فیصلے جاری کریں گی۔ 8 دسمبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں جاری کر دی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام مراحل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔