امریکہ سے 150 افغانوں کی پاکستان کے راستے ملک بدری پر اپنے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں، ایسا راستہ تلاش کیا جائے گا جس پر تمام فریقوں کا اتفاق ہو: ترجمان

پاکستان نے کرتار پور راہداری کھول دی بھارتی شہریوں  کیلئے ویزے بند نہیں کئے:دفترخارجہ
 بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پاکستان کا ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں‘  شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کا بھارتی دعوت نامہ مل گیا ہے‘شرکت کافیصلہ مشاورت سے کیا جائیگا
پاک ایران بارڈر سے کراسنگ ہورہی ہے ‘ سرحد کھلنے کی حیثیت کو متعلقہ اداروں سے چیک کرنا ہوگا‘حوثی باغیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے،خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں
علاقائی تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری ضروری ہے‘تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اردن سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں:ہفتہ وار  بریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے  بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پاکستان کا ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں، بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا بند نہیں کیا، رواں سال بھی 4 ہزار سے زائد سکھ زائرین کو ویزے دیے گئے۔پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا  پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس میں شرکت کا بھارتی دعوت نامہ مل گیا ہے، اجلاس 20 سے 22 نومبر تک دلی میں ہوگا، ایس سی او اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت اور ضابطہ کار مکمل ہونے پر قیادت کرے گی۔انہوں نے کہا  پاک ایران بارڈر سے کراسنگ ہورہی ہے تاہم بارڈر کھلنے کی حیثیت کو متعلقہ اداروں سے چیک کرنا ہوگا۔ترجمان نے کہا  پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے  اس کے ساتھ کھڑا ہے،خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد ضروری ہے‘ پاکستان نے 26 اکتوبر کو سعودی عرب کے علاقوں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی تھی، جن میں مقدس مقامات کے قریبی علاقے بھی شامل تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تقدس اور شہریوں کی سلامتی کو نظر انداز کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔سجاد حیدر نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور بیرونی جارحیت یا خطرات کے خلاف حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے  مکہ الائنس فار ڈیفنس سے اپنے عزم کا اظہار کیا‘ترجمان  دفتر خارجہ نے امریکہ سے افغان شہریوں کو پاکستان کے راستے ڈی پورٹ کرنے پر کہا ہے کہ پاکستان اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ایک ایسا راستہ تلاش کیا جائے گا جس پر تمام فریقوں کا اتفاق ہو۔دریں اثناء   سکھوں کے مذہبی تہوار کے موقع پر پاکستان نے کرتارپور راہداری کھول کر مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال قائم کر دی۔بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر مئی 2025 سے کرتارپور راہداری کے ذریعے سکھ یاتریوں کی آمدورفت معطل کر رکھی ہے جبکہ سکھ برادری مسلسل پاکستان میں مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت کیلئے راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔