احمد خان بھچر سمیت 70 ملزموں کو 10 سال قید
ملک احمد خان بھچر کی نااہلی کا امکان‘میرے خلاف قانونی ضابطے پورے کئے بغیر سزا کا فیصلہ سنایا گیا، 26ویں ترمیم کے بعد حکومت نے عدالتوں کواپنے تابع کر لیا‘فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کروں گا:اپوزیشن لیڈر
9مئی کومنصوبہ بندی کے تحت200سے زائد مقامات پر حملے کئے گئے، انسداد دہشت گردی عدالت میں تمام ملزموں کا شفاف ٹرائل ہوا‘ عدالت کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے:وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک
سرگودھا‘اسلام آباد(آئی این پی‘یو این پی)سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سمیت 70 ملزموں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی گئی۔رپورٹ کے مطابق ملزموں کے خلاف سزا کا حکم مقدمہ نمبر 72/2023 میں سنایا گیا، یہ مقدمہ ضلع میاں والی کے علاقے موسی خیل کے تھانے میں درج کیا گیا تھا۔مقدمہ توڑ پھوڑ، املاک کو آگ لگانے اور ہنگامہ آرائی کرنے پر انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی کے رہنما ملک احمد خان بھچر کے علاوہ صدر سینٹرل پنجاب احمد چٹھہ اور سیکرٹری جنرل بلال اعجاز سمیت 70 کارکنوںکو سزا سنائی گئی ہے۔ملک احمد خان بھچر کو سزا سنائے جانے کے بعد ان کی نااہلی اور ڈی سیٹ ہو نے کا امکان ہے۔9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔اس دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹان میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلا گھیرا میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر نے نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے سزا کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا اور کہا عدالت نے سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمے کا آئین سے ہٹ کر فیصلہ دیا۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد بچھر نے کہا میرے خلاف قانونی ضابطے پورے کئے بغیر سزا کا فیصلہ سنایا گیا، چھبسویں ترامیم کے بعد حکومت نے عدالتوں کواپنے تابع کر لیا ہے، نو مئی کے سیاسی مقدمات میں ہمیں اس طرح کے فیصلوں کی امید ہے‘دریں اثناء وزیرِ مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے نو مئی مقدمات میں سرگودھا کی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ نومئی کومنصوبہ بندی کے تحت200سے زائد مقامات پر حملے کیے گئے، انسداد دہشت گردی عدالت میں تمام ملزموں کا شفاف ٹرائل ہوا۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے، نومئی کیاوپن اینڈ شٹ کیسز ہے، ملک احمد بھچر،احمد چٹھہ، رانا بلال عمر سمیت32 سے زائد ملزمان کو سزا ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت نے تمام ملزموں کو10،10 سال قید کی سزا سنائی۔وزیرِ مملکت قانون و انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کی رٹ کوچیلنج کریں گے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، پانچ اگست کا چورن بیچنے والے ہوش کے ناخن لیں، نوجوان ان کے ناپاک عزائم کا بالکل حصہ نہ بنیں، نوجوان ریاست دشمن جماعتوں سے لاتعلقی کا اعلان کریں، نوجوان کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے بطور ایندھن استعمال نہ ہوں۔